جمائما گولڈ اسمتھ نے دوسری شادی کرلی

لاہور (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی سابق اہلیہ اور فلم پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ نے کیمرون او ریلی سے دوسری شادی کرلی۔

برطانوی اخبار کے مطابق 52 سالہ جمائما گولڈ اسمتھ نے گزشتہ ہفتے کے اختتام پر 62 سالہ کیمرون او ریلی سے شادی کی۔ کیمرون او ریلی آئرش نژاد آسٹریلوی ہیں اور معروف میڈیا شخصیت و سابق عالمی رگبی اسٹار سر انتھونی او ریلی کے صاحبزادے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جمائما اور کیمرون کی ملاقات اس وقت ہوئی جب کیمرون متعدد دستاویزی فلموں اور فلموں میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر کام کر رہے تھے۔ دونوں کے درمیان ابتدا میں دوستی کا تعلق قائم ہوا، جو بعد ازاں رومانوی رشتے میں تبدیل ہوگیا۔

جمائما کے بھائی بین گولڈ اسمتھ نے بھی دونوں کی شادی کی تصدیق کردی ہے، جبکہ ان کی اہلیہ جمائما جونز نے سوشل میڈیا پر جوڑے کو مبارکباد دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔

کیمرون او ریلی کے چار بچے ہیں، جبکہ جمائما کے عمران خان سے دو بیٹے سلیمان اور قاسم ہیں۔ جمائما اور ان کے بیٹے عمران خان کی رہائی کے لیے بھی آواز اٹھاتے رہے ہیں۔

جمائما اور عمران خان کی شادی تقریباً 9 سال بعد 2004 میں ختم ہوئی تھی، جبکہ دونوں کی باقاعدہ طلاق 2005 میں ہوئی۔ دوسری جانب کیمرون او ریلی نے اپنے والد کے میڈیا کاروبار میں ایک دہائی تک کام کیا اور بعد ازاں آسٹریلوی میڈیا گروپ اے پی این نیوز اینڈ میڈیا سے وابستہ رہے۔

جمائما کی دوسری شادی ان کی والدہ لیڈی اینابیل گولڈ اسمتھ کے انتقال کے تقریباً ایک سال بعد ہوئی ہے۔ وہ گزشتہ برس انتقال کر گئی تھیں، جبکہ جمائما کے والد ارب پتی کاروباری شخصیت سر جیمز گولڈ اسمتھ 1997 میں وفات پا گئے تھے۔

جمائما گولڈ اسمتھ عمران خان کی رہائی کے معاملے پر بھی مسلسل آواز اٹھاتی رہی ہیں۔ عمران خان 2023 سے مختلف مقدمات میں قید ہیں اور اپنے خلاف کرپشن کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں سیاسی قرار دیتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button