اگر ایران نے معاہدہ نہ کیا تو امریکا حملے کیلئے تیار ہے، امریکی وزیر جنگ

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نےکہا ہےکہ اپنے فیصلے ایران کو عقلمندی سے کرنا ہوں گے، اگر ایران نے غلط فیصلہ کیا اور معاہدہ نہ کیا تو امریکی افواج دوبارہ جنگی کارروائیاں کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
واشنگٹن میں پریس بریفنگ میں امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نےکہا کہ ایرانیوں کو معلوم ہونا چاہیےکہ ہماری اور ان کی صلاحیتوں کا کوئی مقابلہ نہیں، امریکا اب بھی پہلے کی طرح مضبوط ہے، ایران کے پاس آبنائے ہرمز کنٹرول کرنے کےلیے اب نیوی نہیں، اگر ایران نے اب معاہدہ نہیں کیا تو امریکا حملے کےلیے تیار ہے۔
امریکی وزیر جنگ کا کہنا تھا کہ ایران کے لیے پیغام ہے، ہم آپ پر نظر رکھے ہوئے ہیں، ایران کو بتایا کہ ہم جانتے ہیں کہ آپ کون سے فوجی اثاثے منتقل کر رہے ہیں، ایران بمباری سے تباہ ہونے والے میزائل لانچرز کو دوبارہ استعمال کرنےکی کوشش کر رہا ہے، امریکا پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ دوبارہ تیاری کر رہا ہے، اپنے فیصلے ایران کو عقلمندی سے کرنا ہوں گے، کسی بھی صورت ایران جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا۔
پیٹ ہیگستھ کا کہنا تھا کہ ایران کہتا ہےکہ وہ آبنائے ہرمز کنٹرول کررہا ہے لیکن اس کی اپنی کوئی بحریہ نہیں، تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانےکی دھمکی کنٹرول نہیں، یہ بحری قزاقی ہے، ایران کی توانائی صنعت مکمل تباہ نہیں ہوئی،امریکی ناکہ بندی سے برآمدات بند ہو رہی ہیں، آبنائے ہرمز میں ٹریفک پر امریکی بحریہ کا کنٹرول ہے، جب تک ضرورت ہوگی ہم آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی برقرار رکھیں گے، امید ہے کہ آپ ایسا معاہدہ کریں گے جو آپ کی پہنچ میں ہو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران کی جنگ بندی میں رہنےکی خواہش زیادہ ہے، ایران کے نئے سپریم لیڈر کے زخمی ہونے کا شبہ ہے، لیکن وہ زندہ ہیں، ہم آبنائے ہرمز کھلوانے کےلیےمدد کو آنے والے دیگر ممالک کا خیرمقدم کریں گے، فیلڈ مارشل سے ٹرمپ کے اچھے تعلقات ہیں۔



