امریکی مہم جوئی کا جواب پہلے سے زیادہ سخت ہوگا، ایران کی وارننگ

تہران (ویب ڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر کے نمائندے برائے پاسدارانِ انقلاب عبداللہ حاجی صادقی نے خبردار کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے کسی بھی نئی مہم جوئی کا جواب پہلے سے زیادہ سخت اور تباہ کن ہوگا۔

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق عبداللہ حاجی صادقی نے کہا کہ مخالفین نے غلط اندازہ لگایا تھا کہ ایرانی قیادت اور فوجی کمانڈروں کو نشانہ بنانے سے عوام کو میدان سے دور کیا جا سکے گا، تاہم ایسا نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ فوجی محاذ پر ناکامی کے بعد مخالف قوتیں اب نفسیاتی جنگ کے ذریعے ایرانی معاشرے کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

دوسری جانب ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے امید ظاہر کی ہے کہ تہران میں ہونے والا چار ملکی اجلاس خطے میں حقیقی تبدیلی اور عملی تعاون کی بنیاد بنے گا۔

ایک انٹرویو میں محسن رضائی نے کہا کہ چاروں ممالک کے درمیان تعاون کا آغاز بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا۔ ان کے مطابق اجلاس میں بات چیت مثبت رہی اور خطے میں ایک نئی فضا بنتی محسوس ہوئی۔

محسن رضائی کا کہنا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور ایران کے درمیان اتحاد خطے کے متعدد مسائل حل کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاروں ممالک کے رہنماؤں کا رویہ بھی مثبت تھا اور علاقائی تعاون کے امکانات پر اتفاقِ رائے دکھائی دیا۔

ایرانی رہنما کے مطابق اسلامی کانفرنس اور مسلم ممالک کے اجلاسوں میں بھی علاقائی اتحاد کے حوالے سے بات ہوتی رہی ہے، تاہم ان کے بقول بیرونی مداخلت کے باعث اس مقصد کے لیے عملی اقدامات نہیں کیے جا سکے۔

محسن رضائی نے مزید کہا کہ مکہ دفاعی اتحاد کے اعلیٰ حکام کے دورے سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی دھمکیوں کا عالمی سطح پر اثر محدود رہا ہے۔ ان کے مطابق علاقائی ممالک کے درمیان تعاون اور مشترکہ اقدامات خطے میں استحکام کے لیے اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button