ملتان میں زیرِ تعمیر پلازے کی چھت گر گئی، متعدد مزدوروں کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ

ملتان (جانوڈاٹ پی کے) ناردرن بائی پاس پر این سی بی اے یونیورسٹی کے قریب زیرِ تعمیر پلازے کی چھت گرنے سے متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جس کے بعد ریسکیو 1122 نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں روانہ کی گئیں، جو صرف تین منٹ میں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر ملبے میں دبے افراد کی تلاش شروع کر دی۔

موقع پر موجود افراد کے مطابق حادثے کے وقت زیرِ تعمیر پلازے میں 10 سے 15 مزدور کام کر رہے تھے۔ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو تلاش کرنے اور انہیں بحفاظت نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مجموعی طور پر 10 گاڑیاں حصہ لے رہی ہیں، جن میں پانچ ایمبولینسز، تین ریسکیو موٹر بائیکس، ایک ریسکیو وہیکل اور ایک فائر وہیکل شامل ہیں۔

امدادی کارروائیوں کی نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں کر رہے ہیں، جبکہ حادثے میں ممکنہ جانی نقصان اور زخمیوں کی تعداد سے متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔

مزید خبریں

Back to top button