سندھ یونیورسٹی کیمپس ٹھٹھہ میں بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی سیمینار، بچاؤ اور بروقت تشخیص کی اہمیت پر زور

ٹھٹھہ ( جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے)سندہ یونیورسٹی کیمپس ٹھٹھہ میں بریسٹ کینسر (چھاتی کے سرطان) سے متعلق آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا، جس کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر سندھ یونیورسٹی ڈاکٹر فتح محمد مری تھے، جبکہ سیمینار کی صدارت کیمپس کی پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسباح بی بی قریشی نے کی۔

سیمینار کا مقصد خواتین میں بریسٹ کینسر کے حوالے سے شعور بیدار کرنا، اس مرض کے نقصانات اور اس سے بچاؤ کے طریقوں کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر شرکاء کو بتایا گیا کہ بریسٹ کینسر ایک سنگین بیماری ہے، تاہم بروقت تشخیص اور مناسب علاج کے ذریعے اس کے خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔

سیمینار میں بریسٹ کینسر کی ابتدائی علامات، باقاعدہ طبی معائنے، خود آگاہی اور بروقت ڈاکٹر سے رجوع کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ شرکاء کو اس مرض سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنے اور خواتین میں صحت کے مسائل پر کھل کر بات کرنے کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین میں بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ اس بیماری کی بروقت تشخیص ممکن ہو اور قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔

سیمینار کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تعلیمی اداروں میں صحت سے متعلق آگاہی پروگراموں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا، تاکہ معاشرے میں صحت مند طرزِ زندگی اور بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے شعور کو فروغ دیا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button