لام فیشن ویک 2026 اختتام پذیر، سجل علی، ایمن خان اور مہرین سید کی ریمپ پر جلوہ گری

لاہور (ویب ڈیسک) لاہور کے ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والا چار روزہ رنگا رنگ ’’لام فیشن ویک 2026‘‘ اختتام پذیر ہو گیا، جس میں تقریباً 40 فیشن ڈیزائنرز اور برانڈز نے عروسی اور فارمل ملبوسات کی دلکش کلیکشنز پیش کیں۔
فیشن ویک کے دوران جدید فیشن ٹرینڈز کو مشرقی روایات کے امتزاج سے پیش کیا گیا، جبکہ معروف ماڈلز، اداکاراؤں اور دیگر سلیبریٹیز نے بطور شو اسٹاپر ریمپ پر واک کرکے تقریب کی رونق بڑھائی۔ آخری روز معروف اداکاراؤں سجل علی، صبور علی اور ایمن خان سمیت منیب بٹ، اسما عباس اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
فیشن ویک کے چوتھے اور آخری روز تین شوز پیش کیے گئے۔ پہلے شو ’’ایل ایف ڈبلیو ریٹیل رن وے‘‘ میں ’’رنگِ حیا‘‘ کے عنوان سے ملبوسات کی نمائش ہوئی، جس کے بعد ’’ماریہ بائی اسامہ خان‘‘ کی تخلیقات پیش کی گئیں۔ اس سیگمنٹ میں ’’حارث اینڈ تہذیب‘‘ اور ’’حسینز‘‘ کے ملبوسات بھی ریمپ کی زینت بنے۔
دوسرے شو ’’ایل ایف ڈبلیو ایڈٹ‘‘ میں ’’ڈریمز آف آرتھر‘‘ اور ’’دھندلی زمین‘‘ کے عنوان سے ملبوسات پیش کیے گئے، جبکہ معروف فیشن برانڈ ’’ایڈن روب‘‘ کی تہواروں کے لیے تیار کردہ مینز کلیکشن نے بھی شرکاء کی توجہ حاصل کی۔ اس سیگمنٹ کی آخری پیشکش KIBO کی جانب سے کی گئی۔
آخری روز کے تیسرے شو ’’ڈیزائنر شوکیس‘‘ میں معروف فیشن ڈیزائنر علی ذیشان نے اپنی کلیکشن ’’مقصد‘‘ پیش کی، جس میں رنگوں اور فیبرک کا منفرد استعمال نمایاں رہا۔ شو کے دوران پاکستانی موسیقی نے بھی تقریب میں رنگ بھر دیے۔
اس کے بعد فیشن ڈیزائنر ارم خان کی کلیکشن ’’دی ریٹرنز‘‘ پیش کی گئی، جس میں اداکارہ ایمن خان شو اسٹاپر کے طور پر ریمپ پر جلوہ گر ہوئیں۔ وہ بھاری کام سے مزین خوبصورت عروسی لباس پہن کر ریمپ پر آئیں تو شرکاء نے تالیوں سے ان کا استقبال کیا۔ ان کے شوہر اور اداکار منیب بٹ بھی ان کی حوصلہ افزائی کے لیے تقریب میں موجود تھے۔
بعد ازاں ’’محترم‘‘ کی مینز کلیکشن ’’آٹھ پہر‘‘ پیش کی گئی، جبکہ چار روزہ فیشن ویک کا گرینڈ فینالے پاکستان کے معروف فیشن ڈیزائنر ایچ ایس وائی (حسن شہریار یاسین) کی کلیکشن ’’وینس‘‘ کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر ریمپ کو وینس کے ماحول سے ہم آہنگ انداز میں سجایا گیا۔
گرینڈ فینالے میں سپر ماڈل مہرین سید نے ایچ ایس وائی کی شو اسٹاپر کے طور پر واک کی۔ تقریب کے دوران شرکاء کو معلوم ہوا کہ ایچ ایس وائی کی سالگرہ بھی اسی روز ہے، جس پر حاضرین نے بھرپور تالیوں کے ساتھ انہیں مبارک باد دی۔
یوں جدید فیشن، مشرقی ثقافت، عروسی ملبوسات اور معروف شوبز شخصیات کی شرکت کے ساتھ لام فیشن ویک 2026 اپنے اختتام کو پہنچا۔



