ایران کا امریکہ کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا اعلان

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک)ایرانی وزارتِ خارجہ نے جنوبی ساحلی علاقوں میں مبینہ امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں مفاہمتی یادداشت میں طے شدہ جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق امریکہ نے ایران کے جنوبی ساحل پر واقع بعض تنصیبات کو نشانہ بنایا، جو جنگ بندی کی شرائط کی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ حالیہ حملے اس بات کا ثبوت ہیں کہ امریکہ اپنے وعدوں کی پاسداری نہیں کرتا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وعدہ خلافی امریکی حکومت کی پالیسی کا حصہ رہی ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران اپنی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا، جبکہ امریکہ کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
اس سے قبل پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے بھی خبردار کیا تھا کہ خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو آئندہ دنوں میں سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
آئی آر جی سی بحریہ کے کمانڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ جنوبی شہر سیرک پر مبینہ امریکی حملہ آبنائے ہرمز پر ایران کی برتری کو ختم نہیں کر سکتا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے بحری جہازوں پر فائرنگ کا مقصد دیگر جہازوں کو مقررہ بحری راستوں کی پابندی کی یاد دہانی کرانا ہے۔



