سپریم کورٹ بار کے سالانہ انتخابات کے لیے پولنگ جاری، ملک بھر سے 4 ہزار 634 وکلا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 2026-27 کے لیے ملک بھر میں پولنگ کا عمل جاری ہے، جس میں پاکستان بھر سے 4 ہزار 634 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا آغاز ہو چکا ہے اور یہ شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ لاہور میں سب سے زیادہ ایک ہزار 498 وکلا بطور ووٹر رجسٹرڈ ہیں۔
صدارتی نشست پر احسن بھون گروپ کے امجد علی شاہ اور حامد خان گروپ کے سردار امان خان کے درمیان مقابلہ ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد سے 864 وکلا ووٹ کاسٹ کریں گے۔
سندھ سے بھی 600 سے زائد وکلا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جہاں کراچی، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں پولنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔
سندھ میں نائب صدر کی نشست کے لیے عبدالوہاب بلوچ اور جام آصف امیدوار ہیں، جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی کی دو نشستوں پر چار امیدوار میدان میں ہیں۔ پروفیشنل گروپ کی جانب سے عامر جمیل ورک اور غلام مجتبیٰ جبکہ انڈیپنڈنٹ گروپ کی طرف سے ارشد مبین اور اعجاز اعوان امیدوار ہیں۔
دوسری جانب کراچی میں پولنگ کا عمل تاخیر کا شکار ہے۔ پریذائیڈنگ افسر اشتیاق میمن کے مطابق الیکشن کمیشن کا عملہ پولنگ ایجنٹس کی آمد کا منتظر ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں بیلٹ کا سامان سیل کھول کر ان کے حوالے کیا جائے گا۔



