امریکا معاہدے کے باوجود ایرانی فوج ہائی الرٹ، دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافے کا اعلان

تہران(ویب ڈیسک) ایرانی فوج نے واضح کیا ہے کہ امریکا کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے باوجود مسلح افواج کی تیاری، چوکسی اور دفاعی صلاحیتوں میں کسی قسم کی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔
ایرانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ معاہدے پر عمل درآمد کے دوران بھی مسلح افواج پہلے سے زیادہ مستعد اور تیار رہیں گی، جبکہ ملک کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق ترجمان نے زور دے کر کہا کہ قومی سلامتی اور دفاعی تیاریوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور فوج ہر ممکن خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی فریق نے معاہدے یا مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی کی تو ایران فوری اور بھرپور ردعمل دے گا اور خطے کی عسکری صورتحال کو معاہدے سے قبل والی حالت میں واپس لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران سفارتی کوششوں کو جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنی دفاعی طاقت اور عسکری تیاری کو مزید مؤثر بنانے پر بھی توجہ دے رہا ہے تاکہ قومی مفادات اور علاقائی سلامتی کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
ایرانی حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی دفاعی حکمت عملی اور عسکری تیاری مستقبل میں بھی ترجیحات میں شامل رہے گی۔



