مٹھی:اقبال ڈے تقریب، 20 سے زائد سکول شریک،طلباء کے تقریری، کلامِ اقبال اور کوئز مقابلوں میں شاندار صلاحیتوں کا مظاہرہ

مٹھی (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) محکمہ تعلیم و خواندگی تھرپارکر کے زیراہتمام گورنمنٹ ہائے سکول مٹھی میں یوم اقبال کی ضلعی سطح کی تقریب کا شاندار پروگرام منعقد کیا گیا جس میں ضلع کے 20 سے زائد ہائی سکولوں اور ایلیمنٹری سکولوں کے طلباء نے شرکت کی۔
تقریب میں تین اہم مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جس میں ایک مقابلہ تقریر، ایک کلام اقبال پریزنٹیشن اور ایک کوئز مقابلہ شامل تھا۔
طلباء نے تفویض کردہ عنوان "عقابی روح جب بیدار ہوتی ہے جوانوں میں” پر دلکش، موثر اور پرجوش تقاریر پیش کیں۔ کلام اقبال کیٹیگری میں طلباء نے علامہ اقبال کے مشہور اشعار خوبصورتی سے سنائے جبکہ کوئز مقابلے میں طلباء کے علم، سوچ اور تیاری کا امتحان لیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی جمیل قریشی ڈپٹی ڈائریکٹر ای ایس اینڈ ایچ ایس میرپورخاص ڈویژن تھے۔ دیگر معزز مہمانوں میں ڈپٹی ڈی اے او ای ایس اینڈ ایچ ایس تھرپارکر مکیش پروہت، ٹی اے او ایس اینڈ ایچ ایس تھرپارکر محمد عیسیٰ سمیجو، کیلاش لودھا، نصیر کنبھار، اور جیتیش راٹھی، جنرل سیکریٹری جی ایس ٹی اے تھرپارکر شامل تھے۔مہمانوں کی جانب سے مختلف کیٹگریز میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو اسناد پیش کی گئیں۔
مہمان خصوصی جمیل قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہم علامہ اقبال کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے افکار، نظریات اور شاعری سے پوری قوم کو بیدار کیا، اقبال نے سکھایا کہ اصل کامیابی خوداعتمادی، محنت اور اعلیٰ کردار میں ہے، ان کا خواب مضبوط، تعلیم یافتہ اور متحد نوجوان تھا، اقبال نے نوجوانوں کو ’’شاہین‘‘ کہا، جنہوں نے اپنے پیغام کو ہمیشہ بلند رکھنے کے لیے ہمہ گیر جدوجہد کی۔ خود پر بھروسہ کریں اور دنیا کو بدلیں آج ہم یہ عہد کریں کہ ہم علم، کردار اور ہمت کے راستے پر چلیں گے۔تقریب کا اختتام علامہ اقبال کے افکار اور پیغام کو تھرپارکر کی نوجوان نسل تک پہنچانے کے عزم کے ساتھ ہوا۔



