پنجاب میں ایک ماہ کے دوران 158 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 23 دہشتگرد گرفتار

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پنجاب میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ایک ماہ کے دوران 158 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرکے 23 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ساہیوال سے بھارتی خفیہ ایجنسی را سے مبینہ تعلق رکھنے والے ایک خطرناک دہشتگرد کو بھی گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں ہدایت اللہ، محمد مجاہد، تسلیم حسنین اور طارق اللہ شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، 7 آئی ای ڈیز، 26 ڈیٹونیٹرز اور 48 فٹ فیوز وائر برآمد کی گئی۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگردوں کے خلاف مختلف دفعات کے تحت 22 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں، جبکہ ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق پنجاب بھر میں ایک ماہ کے دوران 4 ہزار 601 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے، جن کے دوران 4 سو 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق کومبنگ آپریشنز کے دوران پنجاب بھر میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 66 ہزار 553 افراد کی چیکنگ کی گئی۔



