انعام بٹ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت، ریسلر کے خلاف کارروائی کا امکان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کے معروف ریسلر انعام بٹ کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق انعام بٹ نے بینائی سے متعلق ایک دوا استعمال کی تھی، تاہم ایشین بیچ گیمز میں ڈوپ ٹیسٹ سے قبل اس دوا کے استعمال سے متعلق آگاہ نہیں کیا تھا۔ ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہیں مئی میں نوٹس جاری کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انعام بٹ نے آنکھوں کے تمام ٹیسٹ، اسکین اور استعمال ہونے والی ادویات کی مکمل فہرست متعلقہ حکام کو جمع کرا دی، جبکہ طبی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد ان کی بیماری کو تسلیم کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (ITA) نے بعد ازاں انعام بٹ کا دوبارہ ٹیسٹ بھی لیا اور معاملے کا جائزہ لیا۔ آئی ٹی اے کو ادویات کی مکمل فہرست فراہم کی گئی، جس کے بعد انعام بٹ کو ان ادویات کے استعمال کی اجازت بھی دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق ڈوپ ٹیسٹ میں ممنوعہ دوا کی انتہائی کم مقدار سامنے آئی، جبکہ مذکورہ دوا قوت بڑھانے کے لیے نہیں بلکہ علاج کی غرض سے استعمال کی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈوپ ٹیسٹ سے قبل دوا کے استعمال سے متعلق آگاہ نہ کرنے پر انعام بٹ کے خلاف کارروائی کا امکان موجود ہے، جبکہ اس معاملے پر متعلقہ اتھارٹیز اور انعام بٹ کے درمیان خط و کتابت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق انعام بٹ بی سیمپل ٹیسٹ کے لیے نہیں جائیں گے، تاہم ضرورت پڑنے پر معاملہ کھیلوں کی ثالثی عدالت میں لے جایا جاسکتا ہے۔



