10سال بعد عمران خان کی دھماکہ خیز واپسی، بڑے پردے پر دوبارہ جلوہ گر ہونے کا اعلان

ممبئی (جانو ڈاٹ پی کے)عمران خان کے مداحوں کے لیے بڑی خوشخبری، ’کٹی بٹی‘ کے بعد 10 سالہ طویل وقفہ ختم، اداکار نے بڑے پردے پر دھماکہ خیز واپسی کا اعلان کردیا۔
بالی ووڈ اداکار عمران خان نے تقریباً ایک دہائی تک فلمی دنیا سے دور رہنے کے بعد ایک بار پھر بڑے پردے پر واپسی کی تصدیق کردی ہے، جس پر ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
43 سالہ عمران خان نے آخری مرتبہ 2015 میں کنگنا رناوت کے ساتھ فلم ’کٹی بٹی‘ میں اداکاری کی تھی، جس کے بعد انہوں نے فلموں سے فاصلہ اختیار کرلیا تھا۔ اب وہ ہدایت کار دانش اسلم کی رومانوی کامیڈی فلم ’ادھورے ہم، ادھورے تم‘ میں جلوہ گر ہوں گے۔
’دہلی بیلی‘ سمیت متعدد کامیاب فلموں میں اپنی مخصوص اداکاری سے پہچان بنانے والے عمران خان نے نئی فلم کے حوالے سے بتایا کہ یہ ایک بالغ رومانوی کامیڈی ہے، جس میں ایسے جذبات اور موضوعات پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے جو انہیں موجودہ فلموں میں بعض اوقات کم محسوس ہوتے ہیں۔
عمران خان نے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں ان کی سابقہ رومانوی کامیڈی فلمیں پسند آئی تھیں تو نئی فلم بھی انہیں ضرور محظوظ کرے گی۔
اداکار نے اپنی فلموں ’آئی ہیٹ لو اسٹوریز‘، ’بریک کے بعد‘، ’ایک میں اور ایک تو‘ اور ’میرے برادر کی دلہن‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ناظرین کو ان فلموں کا امتزاج پسند آیا تھا تو تقریباً 10 سال بعد آنے والی ان کی نئی فلم بھی انہی مداحوں کے لیے ہے۔
عمران خان کی واپسی کی خبر سامنے آتے ہی بالی ووڈ اور سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں میں جوش و خروش پیدا ہوگیا ہے، جبکہ اداکار کی نئی فلم کا انتظار بھی بڑھ گیا ہے۔



