پاکستان امریکا کی بڑی کارروائی، 5 ارب 82 کروڑ روپے کی کرسٹل میتھ پکڑی گئی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان اور امریکا کی انسدادِ منشیات تعاون کے تحت بڑی کارروائی میں اربوں روپے مالیت کی 463 کلوگرام کرسٹل میتھ پکڑ لی گئی، جبکہ متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
امریکی سفارتخانے کے مطابق 30 اگست کو افغانستان سے منسلک منشیات نیٹ ورک کے خلاف پاکستانی اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) اور امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن (ڈی ای اے) نے مشترکہ کارروائی کی۔
امریکی سفارتخانے کے مطابق کارروائی کے دوران 463 کلوگرام کرسٹل میتھ برآمد ہوئی، جس کی مالیت تقریباً 2 کروڑ 10 لاکھ ڈالر، یعنی پاکستانی کرنسی میں تقریباً 5 ارب 82 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔
حکام کے مطابق منشیات سے لدے مشتبہ کنٹینرز پاکستان سے سری لنکا کے شہر کولمبو روانہ کیے جانے تھے، تاہم مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں انہیں پکڑ لیا گیا۔
امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ کارروائی میں امریکا، پاکستان اور سری لنکا کے متعلقہ اداروں نے باہمی تعاون کیا، جبکہ آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
امریکی سفارتخانے کے مطابق امریکا پاکستان کی انسدادِ منشیات فورس کی تربیت اور استعدادِ کار بڑھانے کے لیے معاونت جاری رکھے ہوئے ہے۔



