جرمنی میں امریکی ایف16لڑاکا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ زخمی

فرینکفرٹ(جانو ڈاٹ پی کے)جرمنی میں امریکی فضائی اڈے کے قریب امریکی ایف 16 لڑاکا طیارہ حادثے کا شکار ہوکر تباہ ہوگیا، تاہم پائلٹ طیارے سے بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جرمنی کے اسپانگڈاہلیم ایئر بیس کے ترجمان نے امریکی ایف 16 طیارے کے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پائلٹ زخمی ہوا ہے، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ترجمان کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، تاہم فوری طور پر حادثے کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ ایسے وقت پیش آیا جب جرمنی میں واقع امریکی ایئربیس سے کچھ دیر قبل ہی 12 ایف 16 لڑاکا طیارے مشرق وسطیٰ کے لیے روانہ ہوئے تھے۔حادثے کے بعد متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔



