مہنگائی کا سیلاب سب بہالے جائے گا!ورلڈ بینک نے خطرے کی گھنٹی بجادی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)عالمی بینک نے خبردار کیا ہے کہ ایران جنگ کے باعث توانائی کی قیمتوں میں تیزی اور مہنگائی کے دباؤ سے عالمی معیشت کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ورلڈ بینک کی جانب سے جاری کردہ گلوبل اکنامک پراسپیکٹس رپورٹ 2026 میں انکشاف کیا گیا ہے کہ عالمی اقتصادی ترقی کی شرح کم ہو کر 2.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ شرح کورونا وبا کے بعد عالمی ترقی کی کم ترین سطحوں میں سے ایک ہے جب کہ گزشتہ برس گزشتہ سال یہ شرح 2.9 فیصد تھی جب کہ 2026 میں اوسط افراطِ زر تقریباً 4 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے نتیجے میں عالمی توانائی منڈیوں میں شدید بے چینی پیدا ہوئی ہے جس کے باعث تیل اور گیس کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ورلڈ بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے دنیا بھر میں مہنگائی میں ہوشربا اضافہ کیا جسے قابو میں رکھنے کے لیے مرکزی بینک شرح سود بڑھا سکتے ہیں جو قرضوں کے اخراجات میں اضافے اور معاشی سرگرمیوں میں سست روی کا باعث بنیں گے۔عالمی بینک نے کہا کہ امریکا ایران جنگ سے پیدا ہونے والے بحران سے سب سے زیادہ متاثر ترقی پذیر ممالک ہوں گے جن کی مدد کے لیے فوری طور پر 60 ارب ڈالر تک کی مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔



