آئس کے عادی شوہر سے جان کا خطرہ، خاتون کی پنگریو پریس کلب میں دہائی

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)آئس کے عادی شوہر سے جان کا خطرہ، خاتون اور ساس کی پنگریو پریس کلب میں دہائی، پولیس پر کارروائی نہ کرنے کا الزام۔ پنگریوکی رہائشی خاتون نے اپنی ساس کے ہمراہ پریس کلب پہنچ کر شوہر کے مبینہ تشدد، منشیات کی لت اور پولیس کی عدم کارروائی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ مسماۃ نورجہاں خاصخیلی نے اپنی ساس زیب النساء خاصخیلی کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس کا شوہر جمن خاصخیلی آئس سمیت منشیات کا عادی ہے اور نشے کی لت پوری کرنے کے لیے گھر کا قیمتی اور ضروری سامان اونے پونے داموں فروخت کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم روزانہ گھر آکر جھگڑا کرتا، تشدد کرتا اور نشے کے لیے رقم کا مطالبہ کرتا ہے، جبکہ رقم نہ دینے پر انہیں جان سے مارنے کی کوشش بھی کر چکا ہے۔ نورجہاں خاصخیلی نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں انہیں اپنی جان کا شدید خطرہ لاحق ہے اور خدشہ ہے کہ ان کا شوہر کسی بھی وقت گھر کے کسی فرد کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں پنگریو تھانے سے رجوع کیا گیا، تاہم پولیس نے مبینہ طور پر کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی۔ خاتون اور ان کی ساس نے آئی جی سندھ اور ایس ایس پی بدین سے مطالبہ کیا کہ جمن خاصخیلی کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لا کر ان کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button