چین کا مشرق وسطیٰ میں جامع جنگ بندی اور پائیدار امن کیلئے تعمیری کردار جاری رکھنے کا اعلان

بیجنگ(ویب ڈیسک) چین نے مشرق وسطیٰ میں جامع جنگ بندی اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے خطے میں جاری تنازعات کے سیاسی حل کے لیے مذاکرات جلد از جلد بحال کرنے پر زور دیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے متحدہ عرب امارات کے صدر کے خصوصی ایلچی خلدون خلیفہ المبارک سے ملاقات کی، جس میں مشرق وسطیٰ کی مجموعی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وانگ یی نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جامع جنگ بندی کے حصول کے لیے کوششوں کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں جاری تنازعات کے پائیدار سیاسی حل کے لیے مذاکرات جلد از جلد بحال کیے جائیں تاکہ کشیدگی میں کمی اور امن کے قیام کی راہ ہموار ہو سکے۔
چینی وزیر خارجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چین مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی، امن اور استحکام کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے صدر کے خصوصی ایلچی خلدون خلیفہ المبارک نے کہا کہ یو اے ای علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے چین کے ساتھ تعاون بڑھانے پر آمادہ ہے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال میں بہتری لانے اور تنازعات کے حل کے لیے سفارتی رابطوں اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔



