خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق آج پارلیمنٹ میں ہوگی، گورنر راج پر مشترکہ اجلاس کل طلب

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق کے لیے آج قومی اسمبلی اور سینیٹ میں قراردادیں پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا، جبکہ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کی باقاعدہ توثیق کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل طلب کر لیا گیا ہے۔
پارلیمانی ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح 11 بجے جبکہ سینیٹ کا اجلاس شام 4 بجے ہوگا۔ دونوں ایوانوں میں آئین کے آرٹیکل 232 کے تحت خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق اور منظوری کے لیے قراردادیں پیش کی جائیں گی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کا 8 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق قرارداد کی منظوری شامل ہے۔
دوسری جانب پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل، جمعرات 15 اکتوبر کو صبح ساڑھے 11 بجے طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں آئین کے آرٹیکل 234 کے تحت خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کی باقاعدہ توثیق کرائی جائے گی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے ان آئینی اقدامات کی پارلیمنٹ سے منظوری حاصل کرنے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں خیبرپختونخوا کی صورتحال اور وفاقی حکومت کے آئندہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے شرکاء کو صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی وجوہات سے آگاہ کیا گیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے پارلیمانی پارٹی کو آئندہ کی حکمت عملی پر اعتماد میں لیا۔



