اسلام آباد ایئرپورٹ سے انسانی سمگلنگ کی کوشش ناکام، 3 مسافر آف لوڈ، تفتیش میں اہم انکشافات

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے) اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مبینہ انسانی سمگلنگ کی ایک کوشش ناکام بنا دی اور قبرص جانے والی پرواز سے تین مشتبہ مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔
ایف آئی اے کے مطابق گلف ایئر کی پرواز GF-771 کے ذریعے قبرص جانے والے یاسر علی، عدیل احمد اور عدنان احمد کو امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشتبہ سرگرمیوں کی بنیاد پر سیکنڈری پروفائلنگ کے لیے روک لیا گیا۔
ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ ایک مسافر نے غیر قانونی امیگریشن کلیئرنس، پروٹیکٹر اسٹیمپ اور سفری انتظامات کے لیے ایک ایجنٹ کو بھاری رقم ادا کی تھی۔ اس کے موبائل فون سے متعدد افراد کی مشتبہ سفری دستاویزات اور یورپ میں انسانی سمگلنگ سے متعلق نیٹ ورک کے شواہد بھی برآمد ہوئے۔
ایف آئی اے کے مطابق دوسرے مسافر کا موبائل فون مکمل طور پر ڈیٹا وائپ پایا گیا، جس سے شواہد مٹانے کے شبے کو مزید تقویت ملی۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ بروقت کارروائی کے نتیجے میں تینوں مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا، جبکہ مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے انہیں ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا ہے۔



