ایف آئی اے کا انسانی سمگلنگ کے خلاف بڑا فیصلہ، پنجاب میں مزید انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکلز قائم کرنے کی تجویز


لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے انسانی سمگلنگ کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ ونگ کی استعدادِ کار بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب میں مزید خصوصی سرکلز قائم کرنے کی تجویز تیار کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس وقت پنجاب میں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان میں ایف آئی اے کے چار انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکلز فعال ہیں، تاہم بڑھتے ہوئے چیلنجز کے پیش نظر ان کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے سرکلز کے قیام سے انسانی سمگلرز کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آئے گی، جبکہ صوبے کے مزید اضلاع کو انسدادِ انسانی سمگلنگ نیٹ ورک میں شامل کیا جائے گا۔
ایف آئی اے کے مطابق غیر قانونی انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی تارکینِ وطن کی نقل و حرکت روکنے کے لیے مؤثر حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے، تاکہ اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ توسیع کا مقصد انسانی سمگلنگ کے مقدمات کی بروقت تحقیقات، نیٹ ورک کی نگرانی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان بہتر رابطہ قائم کرنا ہے۔