پاکستان قومی سلامتی اور معاشی استحکام کیلئے مسلسل اقدامات کر رہا ہے، ڈاکٹر ہما بقائی

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ پروگرام کے تحت پروفیسر ڈاکٹر ہما بقائی کی طلبہ و طالبات کے ساتھ نشست ہوئی، جس میں پاکستان بھر کے 21 مختلف اسٹیشنز سے 6 ہزار 150 سے زائد طلبہ شریک ہوئے۔

پروفیسر ڈاکٹر ہما بقائی نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے قومی سلامتی، علاقائی صورتحال، بھارت کے کردار، افغانستان اور معاشی استحکام سمیت مختلف امور پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔

ریکٹر ملینیم انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ انٹرپرینیورشپ ڈاکٹر ہما بقائی نے کہا کہ پاکستان قومی سلامتی اور معاشی استحکام کے ساتھ ساتھ علاقائی سلامتی اور استحکام کیلئے بھی مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان کیلئے مشکلات اور دہشتگردی کے خطرات بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے، جس سے خطے میں عدم استحکام پیدا ہو رہا ہے۔

ڈاکٹر ہما بقائی کا کہنا تھا کہ مئی 2025 میں معرکۂ حق کے دوران پاکستان نے سرحدی اور فضائی محاذ پر کامیابی حاصل کی، جبکہ اس معرکے میں پاکستان نے خطے میں بھارت کے ’’نیٹ سکیورٹی پرووائیڈر‘‘ ہونے کے بیانیے اور اس سے جڑی اسٹریٹجک سوچ کو بھی شکست دی۔

انہوں نے کہا کہ بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے تناظر میں پاکستان کے قومی مفادات کا تحفظ، قومی سلامتی اور معاشی استحکام کو مزید مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔

مزید خبریں

Back to top button