ڈیپلو کے باشعور شہریوں کا ڈی سی اور اے سی کے فیصلے پر اعتماد، نئی اسپتال عمارت سومرا کالونی میں تعمیر کرنے کی حمایت

تھرپارکر(رپورٹ : میندھرو کاجھروی /جانو ڈاٹ پی کے) ڈیپلو تعلقہ اسپتال کی نئی عمارت سرکاری طور پر منظور شدہ پلاٹ پر تعمیر کی جائے، ہم ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کے فیصلے سے متفق ہیں۔ ڈیپلو تعلقہ کے باشعور شہریوں نے یہ مطالبہ کرتے ہوئے شہر کے بعض افراد پر پرانے اسپتال کے سامان سے فائدہ اٹھانے کی کوششوں کے الزامات بھی عائد کیے ہیں۔
ڈیپلو کے سماجی اور بااثر شخصیات میوارام ساقی، مولوی محمد عباس کلر، محمد ابراہیم لنڈ، محمد عمر بجیر، فارق اعظم مریدانی، محمد رفیق قمبرانی، دیوجی رام میگھواڑ اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلقہ اسپتال ڈیپلو کی نئی عمارت نشیبی علاقے میں تعمیر کرنے کے بجائے کسی بلند مقام پر بنائی جائے، کیونکہ بارشوں کے دوران موجودہ مقام پر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ جگہ محدود اور تنگ ہے جبکہ اسپتال کے کئی اہم طبی شعبے ابھی قائم ہونا باقی ہیں۔ اگر مستقبل میں مزید شعبے شامل کیے گئے تو دوبارہ اسپتال کو منتقل کرنے کی ضرورت پیش آسکتی ہے، اس لیے عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے دوراندیشی سے فیصلے کیے جائیں۔
انہوں نے سومرا کالونی میں 30 ایکڑ اراضی پر اسپتال کی نئی عمارت تعمیر کرنے کے اسسٹنٹ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پرانا اسپتال اپنی موجودہ جگہ پر حسبِ معمول کام کرتا رہنا چاہیے۔
باشعور شہریوں کا کہنا تھا کہ اسپتال کسی مخصوص طبقے یا چند افراد کے لیے نہیں بلکہ پورے تعلقہ کی عوام کے لیے ہونا چاہیے، اس لیے اسے ایسی جگہ تعمیر کیا جائے جہاں مستقبل میں کروڑوں روپے کے نقصان سے بچا جا سکے اور عوام کو بہتر طبی سہولیات میسر آئیں۔
انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ چند افراد چاہتے ہیں کہ اسپتال اسی جگہ تعمیر ہو تاکہ وہ کروڑوں روپے مالیت کے سامان سے فائدہ حاصل کر سکیں، جبکہ انہیں عوام کی مشکلات اور سہولتوں سے کوئی دلچسپی نہیں۔



