آبنائے ہرمز پہلے جیسی نہیں رہے گی، امریکا خطے کا امن خراب کر رہا ہے، ایرانی فوج

تہران(ویب ڈیسک) ایرانی مسلح افواج کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال 40 روزہ جنگ سے پہلے والی حالت میں کبھی واپس نہیں آئے گی اور خطے کی سلامتی کے حوالے سے نئی حقیقت سامنے آ چکی ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکا آبنائے ہرمز پر ایران کی خودمختاری سے خوف زدہ ہے اور اسی لیے وہ اس اہم بحری گزرگاہ میں سکیورٹی کی صورتحال کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ ایران نے خلیجی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیں، کیونکہ اس سے پورے خطے کا امن خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر خطے کے ممالک ایران کے ساتھ تعاون کریں اور امریکا کے ساتھ فوجی تعاون سے گریز کریں تو اجتماعی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

ایرانی فوج کے ترجمان نے یاد دلایا کہ اس سے قبل بھی انہوں نے امریکا کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر امریکی حملوں میں ایرانی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا تو اس کے نتائج صرف ایران تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پورے خطے کے لیے تباہ کن ثابت ہوں گے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکی فوجی کارروائیاں جاری رہیں تو ایران بھی خطے کے اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنا سکتا ہے، جس سے تنازع مزید شدت اختیار کر کے پورے مشرقِ وسطیٰ کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button