گجرات میں شہدکی مکھیوں نےپکنک منانےآئی فیملی پرحملہ کردیا

گجرات(جانوڈاٹ پی کے)گجرات میں ایک طرف سیلابی صورتحال اور دوسری طرف شہریوں کی غیر ذمہ داری نے خطرات بڑھا دیے۔ دریائے چناب میں شہباز پور پل کے مقام پر پکنک کے لیے آنے والی فیملی پر شہد کی مکھیوں نے حملہ کردیا۔حملے کے وقت دریا کے کنارے بچوں، خواتین اور مردوں کی بڑی تعداد موجود تھی، مکھیوں کے اچانک حملے سے افراتفری مچ گئی۔ شہری جان بچانے کے لیے بھاگتے رہے، واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔وائرل ویڈیو میں شہریوں کو شہد کی مکھیوں کے حملے سے بچنے کے لیے بھاگتے دیکھا جاسکتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دریائے چناب کے مختلف مقامات پر پابندی کے باوجود لوگ پکنک منا رہے ہیں۔خطرناک صورتحال اور سیلابی خطرے کے باوجود ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو دریا کے بند اور خطرناک مقامات سے دور رکھنے کے لیے اقدامات ناکافی دکھائی دے رہے ہیں۔



