پمز نرسری آتشزدگی: وزیراعظم کا نوٹس، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں نومولود بچوں کی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو واقعے کی فوری اور تفصیلی تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے ساتھ پیش آنے والی ایسی صورتِ حال ناقابلِ تلافی ہے۔ واقعے کے محرکات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے، ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور غفلت ثابت ہونے پر سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پمز نرسری کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور اس پر دل رنجیدہ ہے، وہ متاثرہ والدین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
واضح رہے کہ آج صبح اسلام آباد کے پمز اسپتال کی نرسری میں آگ لگنے سے 15 نومولود جاں بحق ہوگئے تھے۔ اسپتال حکام کے مطابق آگ لگنے کے وقت نرسری میں 16 بچے موجود تھے، جن میں سے ایک بچے کو بحفاظت بچا لیا گیا جبکہ 15 بچے جانبر نہ ہوسکے۔



