پمز آتشزدگی: وفاقی وزیر کا شارٹ سرکٹ کا دعویٰ، بچوں کی اموات دم گھٹنے سے ہوئیں، طارق فضل چوہدری

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ پمز اسپتال میں آتشزدگی شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جبکہ زیادہ تر نومولود بچوں کی اموات دم گھٹنے سے ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ 6 بچوں کی میتیں والدین کے حوالے کردی گئی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جبکہ وائس چانسلر کی سربراہی میں بھی ایک تحقیقاتی ٹیم قائم کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق گیس لائن اور پلاسٹک کے آلات کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلی، جبکہ آکسیجن سپلائی نے بھی آگ کی شدت میں اضافہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کے وقت ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر عملہ موجود تھا اور وہ واقعے میں محفوظ رہے۔
طارق فضل چودھری نے کہا کہ واقعے میں اگر کسی کی غفلت ثابت ہوئی تو اسے سامنے لایا جائے گا اور غفلت کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ آتشزدگی کی اصل وجہ اور کسی بھی ممکنہ غفلت کا تعین کیا جا سکے۔



