پمز آتشزدگی: والدین کا عملے پر غفلت کا الزام، ڈی این اے ٹیسٹ کا مطالبہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پمز اسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں نومولود بچوں کی اموات پر والدین نے اسپتال انتظامیہ اور عملے پر غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق جاں بحق بچوں کے والدین غم سے نڈھال ہیں۔ والدین نے بچوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ اسپتال انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی بھی درخواست کی ہے۔
والدین کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے وقت نرسری میں گائنی ڈاکٹر سمیت کوئی عملہ موجود نہیں تھا۔ ان کے مطابق این آئی سی یو کا دروازہ بھی لاک تھا۔
متاثرہ والدین نے دعویٰ کیا کہ واقعے کے 2 گھنٹے بعد ریسکیو جبکہ 4 گھنٹے بعد پولیس اسپتال پہنچی۔ والدین کا مزید کہنا تھا کہ جس وقت آگ لگی، اس وقت عملہ انکیوبیشن سینٹر میں موجود نہیں تھا۔
واقعے کے بعد بچوں کے والدین نے ذمہ داروں کے تعین، شفاف تحقیقات اور مبینہ غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔



