امریکا نے ایران پر حملوں کو پابندیوں میں منتقل کر دیا، مارکو روبیو

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اتحادی ممالک کو آگاہ کیا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف فوجی حملوں کے بجائے اقتصادی پابندیوں اور دیگر دباؤ کے ذرائع پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق مارکو روبیو نے غیر ملکی ہم منصبوں کو بتایا ہے کہ فی الحال ایران پر مزید امریکی حملوں کی توقع نہیں۔ واشنگٹن اب تہران پر دباؤ بڑھانے کے لیے دیگر ذرائع استعمال کرے گا، جن میں رواں ہفتے اعلان کی گئی نئی پابندیوں کی مہم بھی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے حالیہ دنوں میں متعدد اتحادی ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطوں کے دوران امریکا کی نئی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔
امریکا نے 25 اگست کو ایران کے خلاف نئی وسیع پابندیوں کا اعلان بھی کیا، جن میں ایران سے متعلق افراد، اداروں، بحری جہازوں اور مالی و تجارتی نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
یوں واشنگٹن کی موجودہ حکمت عملی میں فوجی کارروائی کے بجائے معاشی دباؤ بڑھانے کو ترجیح دی جا رہی ہے، تاہم خطے میں فوجی آپشن مکمل طور پر ختم کیے جانے کی واضح تصدیق سامنے نہیں آئی۔



