جنت مرزا کی جعلی اے آئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل،اداکارہ کا سخت ردعمل، خواتین کی ڈیجیٹل پرائیویسی پر سوال اٹھ گئے

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستانی ٹک ٹاکر اور اداکارہ جنت مرزا کی اے آئی سے تیار کردہ مبینہ جعلی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے کے بعد انہوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے خواتین کے چہروں کے غیر مجاز استعمال اور ڈیجیٹل پرائیویسی کے تحفظ پر اہم سوالات اٹھا دیے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں جنت مرزا کو ایک نامعلوم شخص کے ساتھ دکھایا گیا، جس پر انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے واضح کیا کہ انہیں اس ویڈیو میں کوئی مزاح نظر نہیں آیا۔

جنت مرزا کا کہنا تھا کہ کسی شخص کے چہرے کو اس کی اجازت کے بغیر استعمال کرکے اس نوعیت کی ویڈیوز تیار کرنا انتہائی تشویشناک عمل ہے، جس کے اثرات صرف کسی ایک شخصیت تک محدود نہیں رہتے۔اداکارہ نے کہا کہ آج ان کا چہرہ استعمال کیا جا رہا ہے، لیکن کل یہی صورتحال کسی بھی دوسری لڑکی کے ساتھ پیش آسکتی ہے، جس سے اس کی عزت اور وقار متاثر ہوسکتا ہے۔جنت مرزا کے مطابق وہ خود سوشل میڈیا پر بہت فعال ہیں، اس کے باوجود جعلی ویڈیو دیکھ کر انہیں شدید بے چینی محسوس ہوئی۔انہوں نے خاص طور پر ان خواتین کی جانب بھی توجہ دلائی جو سوشل میڈیا استعمال نہیں کرتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی خواتین کی تصاویر بھی ان کی لاعلمی میں استعمال ہوسکتی ہیں اور ممکن ہے کہ انہیں اپنی تصاویر کے غلط استعمال کا علم ہی نہ ہو۔جنت مرزا کے ردعمل نے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جعلی مواد، چہروں کے غیر مجاز استعمال اور خواتین کی ڈیجیٹل پرائیویسی کے تحفظ سے متعلق بحث کو ایک بار پھر نمایاں کردیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button