جنگ بندی کی خلاف ورزی ہوئی تو اسرائیل کو بھرپور جواب دیں گے، حزب اللہ کا دوٹوک انتباہ

بیروت(ویب ڈیسک) لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی تو اس کا جواب اسی انداز میں دیا جائے گا۔
ایرانی نشریاتی ادارے کے مطابق حزب اللہ کی سیاسی کونسل کے نائب سربراہ محمود قماطی نے کہا کہ تنظیم اب ماضی کی اس صورتحال میں واپس نہیں جائے گی جب اسرائیلی افواج لبنان میں مسلسل حملے کرتی تھیں اور حزب اللہ جنگ بندی کے احترام میں تحمل کا مظاہرہ کرتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ حزب اللہ مکمل طور پر چوکس اور ہر قسم کی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے، تنظیم کے جنگجو ہر وقت تیار حالت میں ہیں اور اسرائیلی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
محمود قماطی کا کہنا تھا کہ لبنان کی خودمختاری، سلامتی اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اگر اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی تو اسے اسی نوعیت کے ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حزب اللہ خطے کی موجودہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی برقرار رکھنے کی کوششیں جاری ہیں، تاہم دونوں فریق ایک دوسرے پر معاہدے کی خلاف ورزیوں کے الزامات بھی عائد کر رہے ہیں۔



