شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی حالیہ لہر نے ماتلی سمیت گردونواح کے علاقوں میں معمولاتِ زندگی مفلوج کردیئے

ماتلی (رپورٹ ایم آر گدی/جانو ڈاٹ پی کے )شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی حالیہ لہر نے ماتلی سمیت گردونواح کے علاقوں میں معمولاتِ زندگی مفلوج کرکے رکھ دیے ہیں، شہر میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب پہنچنے کے باوجود شدتِ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد محسوس کی جا رہی ہے جس کے باعث شہری گھروں تک محدود ہو گئے ہیں، جبکہ بازاروں، مارکیٹوں اور تجارتی مراکز میں غیر معمولی سناٹا چھایا ہوا ہے اور کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہونے سے دکاندار ہاتھ پر ہاتھ دھرے گاہکوں کے منتظر نظر آتے ہیں۔ دوسری جانب شدید گرمی کے دوران حیسکو کی جانب سے بجلی کی فراہمی بھی شہریوں کے لیے دردِ سر بن گئی ہے، شہریوں کے مطابق 14 سے 16 گھنٹے تک جاری رہنے والی لوڈشیڈنگ اور وقفے وقفے سے ہونے والی بجلی کی بندش نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں جبکہ بجلی کی بار بار آنکھ مچولی کے باعث گھروں اور کاروباری مراکز میں استعمال ہونے والے متعدد برقی آلات بھی خراب اور جل گئے ہیں جس سے صارفین کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ طویل لوڈشیڈنگ کے باعث شہر میں پانی کا بحران بھی شدت اختیار کر گیا ہے اور مختلف علاقوں کے مکین پینے کے پانی کے لیے پریشان دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی ماتلی کے چیئرمین کی خصوصی دلچسپی سے واٹر سپلائی اسکیم کو ایکسپریس فیڈر سے منسلک کیا گیا تھا تاکہ بجلی کی بندش کے باوجود پانی کی فراہمی متاثر نہ ہو، تاہم واٹر سپلائی کی موٹریں چلنے کے باوجود شہر کے متعدد علاقوں میں پانی کی شدید قلت برقرار ہے جس پر عوامی حلقوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حیسکو اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے، لوڈشیڈنگ میں کمی کرنے اور شہریوں کو بجلی و پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button