34 ہزار پاکستانی حجاج وطن واپس پہنچ گئے، واپسی کا سلسلہ 30 جون تک جاری رہے گا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) حج کی سعادت حاصل کرنے کے بعد اب تک 34 ہزار سے زائد پاکستانی حجاج وطن واپس پہنچ چکے ہیں، جبکہ 84 ہزار 791 حجاج ابھی بھی سعودی عرب میں موجود ہیں جن کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق حج آپریشن کے تحت واپسی کی پروازیں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں اور یہ عمل 30 جون تک مکمل کیا جائے گا۔ اس دوران حجاج کو سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق ہوائی اڈوں پر رش کم کرنے کے لیے رہائش گاہوں پر ہی سامان کی بورڈنگ (سٹی چیک اِن) کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جبکہ حجاج کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ شیڈول کے مطابق اپنے سامان کی تیاری مکمل رکھیں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق وطن روانگی سے 24 سے 48 گھنٹے قبل سامان کی بورڈنگ کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔
اب تک 250 سے زائد خدام الحجاج بھی اپنے فرائض مکمل کر کے وطن واپس پہنچ چکے ہیں، جبکہ پوسٹ حج آپریشن کے دوران 15 ہزار سے زائد حجاج کو ریاض الجنہ کی زیارت کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف بھی آج اتوار کے روز وطن واپس پہنچیں گے۔



