بیرونِ ملک بیٹھے یوٹیوبرز پی ٹی آئی کے سب سے بڑے دشمن ہیں، خواجہ آصف

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بیرونِ ملک مقیم یوٹیوبرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لوگ درحقیقت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سب سے بڑے دشمن ہیں، جو بیرونِ ملک محفوظ بیٹھ کر پیسے کما رہے ہیں جبکہ ان کی پوسٹس کی قیمت پاکستان میں پارٹی کو چکانا پڑتی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ بیرونِ ملک بیٹھے یہ یوٹیوبرز نوٹ چھاپ رہے ہیں، لیکن ان کی منفی اور اشتعال انگیز پوسٹس کے نتائج پاکستان میں پی ٹی آئی کو بھگتنا پڑتے ہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلے کبھی ایسی صورتحال نہیں دیکھی کہ جس شخصیت کی حمایت کے دعوے کیے جا رہے ہوں، اسی کی آزمائشوں اور مشکلات کو موضوع بنا کر ڈالر کمائے جا رہے ہوں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ جب پی ٹی آئی کی حکومت تھی تو ان یوٹیوبرز کی خوب چاندی تھی، لیکن اب پارٹی اقتدار میں نہیں ہے تب بھی ان کی آمدن کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بیرونِ ملک بیٹھے ان یوٹیوبرز نے پی ٹی آئی کو نقصان پہنچایا اور جماعت کو بربادی سے دوچار کیا۔ خواجہ آصف کے یہ بیانات سوشل میڈیا پر بیرونِ ملک مقیم یوٹیوبرز کے سیاسی کردار اور ان کے مواد کے اثرات سے متعلق بحث کے تناظر میں سامنے آئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button