صومالیہ سانحہ:حکومت واقعے کی ذمہ داری کا تعین کرے، حافظ نعیم

 کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے صومالی فورسز کے آپریشن کے دوران قزاقوں کی فائرنگ سے 3 پاکستانی شہریوں کی شہادت کو انتہائی افسوسناک اور دلخراش سانحہ قرار دیتے ہوئے حکومت سے واقعے کی ذمہ داری کا تعین اور حقائق قوم کے سامنے لانے کا مطالبہ کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ مغوی پاکستانیوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے ہر سطح پر آواز اٹھائی گئی اور احتجاج بھی کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے خود حکومت اور حکومتی اداروں سے بار بار رابطہ کیا، تاہم ان کے مطابق حکومت پاکستان بروقت مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام رہی۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے دعویٰ کیا کہ کراچی میں متاثرہ خاندانوں کے احتجاجی کیمپ کو بھی اکھاڑ دیا گیا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت کی ناکافی کوششوں اور غفلت کے باعث 3 پاکستانی شہری اپنی جانوں سے گئے اور ان کے اہل خانہ پر قیامت ٹوٹ پڑی۔

انہوں نے کہا کہ یہ صرف تین خاندانوں کا نہیں بلکہ پوری قوم کا نقصان ہے۔ حکومت کو اس سانحے کی ذمہ داری کا تعین کرتے ہوئے حقائق قوم کے سامنے لانے چاہئیں۔

واضح رہے کہ صومالیہ کے ساحل کے قریب ہائی جیک کیے گئے آئل ٹینکر ’آنر 25‘ کے عملے کی بازیابی کے لیے کارروائی کے دوران 3 پاکستانیوں سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button