میجر جنرل فیصل نصیر نے نیکٹا نیشنل کوآرڈینیٹر کا چارج سنبھال لیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے نیشنل کوآرڈینیٹر میجر جنرل فیصل نصیر نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے اہم اداروں میں تبادلوں اور تعیناتیوں سے متعلق جاری نوٹیفکیشنز کے مطابق میجر جنرل فیصل نصیر کو 3 سال کے لیے نیکٹا کا نیشنل کوآرڈینیٹر تعینات کیا گیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 21 کے محمد ریاض الدین خان کو اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی سیکریٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان کے کنٹریکٹ میں 4 ستمبر 2026 سے ایک سال کی توسیع کردی گئی ہے، جبکہ جوائنٹ سیکریٹری وزیراعظم آفس جہانگیر مشتاق کی تعیناتی میں بھی ایک سال کی توسیع کی گئی ہے۔
تقرری کے منتظر پولیس سروس گریڈ 20 کے نوید احمد نثار خواجہ کی خدمات فرنٹیئر کانسٹیبلری کے حوالے کردی گئی ہیں، جبکہ گریڈ 20 کے محمد کریم خان کی خدمات ایف آئی اے کے سپرد کردی گئی ہیں۔اسی طرح پولیس سروس گریڈ 19 کے احسن سیف اللہ کی خدمات پنجاب حکومت کے سپرد کردی گئی ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق تقرری کے منتظر گریڈ 20 کے عمران جاوید کی بیرون ملک 14 روزہ رخصت بھی منظور کرلی گئی ہے۔وفاقی حکومت کی جانب سے مختلف اداروں میں ان تعیناتیوں، خدمات کی منتقلی اور کنٹریکٹ میں توسیع سے متعلق الگ الگ نوٹیفکیشنز جاری کیے گئے ہیں۔



