نظام میں تبدیلی کیلئے اپنے بل بوتے پر سیاسی فورم سے عوام کا مقدمہ لڑیں گے،حافظ نعیم الرحمان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت گھٹنے ٹیک کر ہمارے پاس آئے گی، ماضی کے اتحادوں سے جماعت کو فائدے سے زیادہ نقصان ہوا۔
لاہور میں سینئر صحافیوں اور اخبارات کے ایڈیٹرز سے ملاقات میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی گرینڈ اپوزیشن اتحاد کا حصہ بننے نہیں جا رہی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسے اتحادوں کا جماعت اسلامی کو فائدے کے بجائے نقصان زیادہ ہوا۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ نظام میں تبدیلی کے لیے اپنے بل بوتے پر سیاسی فورم سے عوام کا مقدمہ لڑیں گے، ہمیں اسلام آباد میں مذاکرات کی دعوت ملی ہے۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہماری تحریک طویل ہوگی لیکن فیصلہ کن ثابت ہوگی، حکومت گھٹنے ٹیک کر ہمارے پاس آئے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ لاہور، کراچی، پشاور میں دھرنے ہوں اور اسلام آباد کے بند کمروں میں مذاکرات ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ 13 ربیع الاول کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن کے بعد اسلام آباد کی طرف فیصلہ کن مارچ کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ میڈیاحکومتی لیوی کے ظالمانہ اقدامات کو سب کے سامنے لائے، لیوی کوئی ٹیکس نہیں، حکومت کا جگا ٹیکس ہے۔



