گڈز ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتال نویں روز میں داخل، آج حکومت سے اہم مذاکرات

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)گڈز ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتال نویں روز میں داخل ہوگئی، جس کے باعث ملک بھر میں مال کی لوڈنگ، ان لوڈنگ اور ترسیل کا عمل بدستور معطل ہے۔
گڈز ٹرانسپورٹرز رہنما ملک شہزاد اعوان کے مطابق آج وفاقی، پنجاب اور سندھ حکومت کے نمائندوں سے گورنر ہاؤس میں اہم مذاکرات ہوں گے۔ مذاکرات میں گورنر سندھ، وزیر مواصلات، وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب، وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اور دیگر حکومتی نمائندے شریک ہوں گے۔
ملک شہزاد اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان بھر میں ٹرانسپورٹرز کی پُرامن ملک گیر ہڑتال جاری ہے اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات کے ذریعے جلد مسائل کا حل نکال لیا جائے گا اور ٹرانسپورٹ کا پہیہ دوبارہ چل پڑے گا، تاہم حکومتی یقین دہانیوں پر احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا بلکہ مطالبات کی عملی منظوری ضروری ہے۔
گڈز ٹرانسپورٹرز رہنما نے ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز سے پُرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جلد خوشخبری ملنے کی امید ہے۔



