پیٹرول مہنگا ہوتے ہی گڈز ٹرانسپورٹ کرایوں میں 15 فیصد اضافہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا، جبکہ منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں 10 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے حکومت سے ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس اور جرمانوں (چالان) کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا جا رہا۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیاں کھڑی کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں، جبکہ موجودہ حالات میں ٹرانسپورٹ کے شعبے کے لیے فوری ریلیف ناگزیر ہے۔

دوسری جانب منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے بھی کرایوں میں 10 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا، جبکہ بعض پبلک ٹرانسپورٹرز نے بھی سرکاری منظوری سے قبل کرایوں میں خودساختہ اضافہ کر دیا ہے۔ ادھر نئے سرکاری کرایہ نامے کی تیاری کے لیے ٹرانسپورٹ ہاؤس میں اجلاس جاری ہے۔

پاکستان مزدا و گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی شیر علی نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل سے ٹرانسپورٹ کا شعبہ شدید متاثر ہوگا، کیونکہ روزانہ نئے کرایے مقرر کرنا اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مستحکم رکھنا انتہائی مشکل ہو جائے گا۔

ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ گڈز کرایوں میں اضافے کے باعث اشیائے خورونوش اور دیگر ضروری سامان کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے حالیہ نظرثانی میں پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مٹی کا تیل 34 روپے 33 پیسے فی لیٹر مہنگا کر کے 276 روپے 66 پیسے فی لیٹر کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button