گومل زام ہائیڈل پاور اسٹیشن اپنی مکمل پیداواری صلاحیت 17.4میگاواٹ پر بحال

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)گومل زام ہائیڈل پاور اسٹیشن کا طویل عرصے سے متاثرہ دوسرا پیداواری یونٹ بھی بحال کر دیا گیا۔اب پاور اسٹیشن اپنی مکمل پیداواری صلاحیت 17.4 میگاواٹ پر کام کر رہا ہے۔ترجمان واپڈا کے مطابق، تیکنیکی خرابی کے باعث گومل زام ہائیڈل پاور اسٹیشن کے دونوں پیداواری یونٹس اکتوبر 2016 میں بند ہو گئے تھے۔ ایک یونٹ واپڈا نے اپنے وسائل سے جون 2018 میں فعال کر لیا تھا تاہم دوسرا یونٹ گزشتہ 10 سال سے بحال نہیں کیا جا سکا تھا۔پاور اسٹیشن گزشتہ 8 سال سے اپنی صلاحیت سے آدھی بجلی پیدا کر رہا تھا۔ 35 کروڑ 95 لاکھ روپے کی لاگت سے دوسرے یونٹ کی بحالی کا کام اپریل 2026 میں شروع کیا گیا، جسے محض اسی روز کی ریکارڈ مدت میں مکمل کر کے اب نیشنل گرڈ سے منسلک کر دیا گیا ہے۔گومل زام ہائیڈل پاور اسٹیشن کے دو پیداواری یونٹ ہیں اور ہر ایک کی صلاحیت 8.7 میگاواٹ ہے۔ منصوبے کی مکمل بحالی سے خیبر پختونخوا کے دور دراز علاقوں کو لوڈ شیڈنگ میں بڑی ریلیف ملے گی۔ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت 11 لاکھ 40 ہزار ایکڑ فٹ ہے،اس سے نہ صرف سستی بجلی پیدا کی جاتی ہے بلکہ ایک لاکھ 91 ہزار ایکڑ سے زائد زرعی اراضی بھی سیراب ہوتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button