گھوٹکی انتظامیہ کا عوام دوست اقدام: سستے آٹے کے اسٹالز کا قیام، 114 روپے فی کلو آٹا دستیاب ہوگا

گھوٹکی (رپورٹ: وجے کمار چاولا\جانوڈاٹ پی کے) گھوٹکی ( رپورٹ وجے کمارچاولا ) ضلع گھوٹکی میں سستے آٹے کے اسٹال لگانے کا فیصلہ، اسٹالز پر آٹا 114 روپے فی کلو دستیاب ہوگا، جبکہ گندم ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کی زیرِ صدارت ان کے دفتر کے کمیٹی روم میں عوام کو سستا آٹا فراہم کرنے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اور فلور مل مالکان نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آٹے کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ منافع خوروں اور گندم ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ عوام کو مناسب نرخوں پر آٹا فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے فلور مل مالکان کو ہدایت کی کہ اپنی فلور ملز کے باہر سستے آٹے کے اسٹال قائم کریں، جہاں آٹا 112 روپے فی کلو فروخت کیا جائے، جبکہ گھوٹکی، میرپور ماتھیلو، خانگڑھ، ڈہرکی اور اوباوڑو میں بھی اسٹالز قائم کرکے آٹا 114 روپے فی کلو فروخت کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے فلور مل مالکان کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ آٹا خریدنے والے دکانداروں کو لازماً بل فراہم کیے جائیں تاکہ دکانداروں کی جانب سے وصول کیے جانے والے نرخوں کی مؤثر نگرانی کی جا سکے۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیارکاروں کو ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ آٹے کی قیمتوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور منافع خوروں و گندم ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے 4 ستمبر 2026 تک ضلع بھر میں آٹے کی اس طرح قیمتیں مقرر کی گئی ہیں ایکس مل آٹا 112 روپے فی کلو، رٹیل آٹا 114 روپے فی کلو، چکی کا آٹا 117 روپے فی کلو، اسپیشل فائن آٹا 120 روپے فی کلو۔



