غزہ میں ہلاکتوں کا نیا سنگین دعویٰ،فلسطینی شہدا کی تعداد74ہزار تک پہنچ گئی

غزہ(جانو ڈاٹ پی کے)غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں فلسطینیوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق جنگ کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد تقریباً 74 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران جاری اسرائیلی حملوں میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد بھی ایک لاکھ 75 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔
غزہ کی وزارتِ صحت نے خبردار کیا ہے کہ ہزاروں فلسطینی اب بھی تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوسکتے ہیں، جس کے باعث ہلاکتوں کی حتمی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق ملبے تلے موجود افراد تک رسائی اور لاشوں کی بازیابی میں مشکلات کے باعث ہلاکتوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کرنا دشوار ہے۔
فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ جاری کارروائیوں اور ملبے تلے دبے افراد کی موجودگی کے باعث مجموعی جانی نقصان موجودہ اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ ہلاکتوں اور زخمیوں کے اعداد و شمار غزہ کی وزارتِ صحت کی جانب سے جاری کیے جاتے ہیں، جبکہ جنگی حالات کے باعث آزادانہ طور پر ہر واقعے کی فوری تصدیق مشکل ہے۔



