ایم کیو ایم نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی،گورنر راج کی حمایت کردی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کی حمایت کردی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران فاروق ستار کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کردیا گیا، کابینہ اجلاس میں ایم کیو ایم کے دونوں وفاقی وزرا موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ قومی فیصلے میں ایم کیو ایم کے وزرا بھی شامل ہیں۔ پاکستان کو سب سے بڑا خطرہ انتہا پسندی اور دہشت گردی سے ہے۔

فاروق ستار نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی ادارں نے بڑی قربانیاں دیں، ایم کیو ایم پاکستان خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کی حمایت کرتی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ 10 مئی کو قوم بھارتی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہوئی، خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی سے قومی کامیابیاں متاثر ہو رہی تھیں۔

ایم کیو ایم رہنما نے یہ بھی کہا کہ سیاسی ایجنڈے کی خاطر کئی سال ضائع کیے گئے۔ معاشی ترقی اور نمو کو پس پشت ڈال دیا گیا، گورنر راج صدرِ مملکت کے حکم نامے کے تحت نافذ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے مؤقف اور صدرِ مملکت کے فیصلے پر وضاحت دے، قومی فیصلوں کے اثرات سب سے زیادہ کراچی پر پڑتے ہیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ سندھ میں دہشت گردی سلیپر سیلز کے ذریعے پھیلائی جا رہی ہے، سلیپر سیلز کا مکمل خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مزید خبریں

Back to top button