غزہ میں عید بھی سوگ میں بدل گئی، اسرائیلی بمباری میں مزید 7 فلسطینی شہید

غزہ(مانیٹرنگ ڈیسک) اہلِ غزہ کی عیدالاضحیٰ بھی بارود، خوف اور ماتم کے سائے میں گزری، اسرائیل نے عید کے موقع پر بھی فلسطینیوں پر حملوں کا سلسلہ نہ روکا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے مختلف علاقوں میں بمباری جاری ہے۔ غزہ شہر کے وسطی علاقے میں ایک رہائشی گھر پر ہونے والے اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 7 فلسطینی شہید جبکہ 15 افراد زخمی ہو گئے۔
فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے شہر کے مرکزی علاقے میں میونسپل پارک کے قریب عمر المختار اسٹریٹ پر واقع الاسرا ٹاور کے اطراف ایک گھر کو نشانہ بنایا، جہاں دو میزائل داغے گئے۔
رپورٹس کے مطابق حملے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر بھی جاری اسرائیلی حملوں نے غزہ کے شہریوں کی خوشیاں غم میں بدل دیں جبکہ عالمی برادری کی خاموشی پر شدید سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔



