گیس صارفین کے لیے بڑا فیصلہ،12سلیب ختم،یکم جولائی2027سے یکساں ٹیرف کی تیاری

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان میں گیس کے صارفین کے لیے بڑے ٹیرف اصلاحاتی اقدام کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن نے یکم جولائی 2027 سے ملک بھر میں گیس کا یکساں ٹیرف نافذ کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے، جس کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے باقاعدہ منظوری لی جائے گی۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مجوزہ اصلاحات کے تحت موجودہ کراس سبسڈی نظام ختم کرنے کی تیاری کی جارہی ہے، جبکہ کم آمدن والے گھرانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے 162 ارب روپے مختص کیے جائیں گے تاکہ انہیں ہدفی مالی معاونت دی جاسکے۔رپورٹ کے مطابق گیس کا موجودہ 12 سلیب پر مشتمل ٹیرف نظام بھی ختم ہوجائے گا، جس کے تحت صارفین اپنی ماہانہ کھپت کے حساب سے مختلف نرخ ادا کرتے ہیں۔مجوزہ نئے نظام کے تحت تمام صارفین کو 1,708 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کے یکساں اوسط ٹیرف پر منتقل کرنے کی تجویز ہے۔حکومت کا یہ اقدام گیس کے موجودہ نرخوں اور سبسڈی کے نظام میں نمایاں تبدیلی کا باعث بن سکتا ہے، تاہم حتمی منظوری اور عملی نفاذ سے قبل آئی ایم ایف سمیت متعلقہ اداروں کے مراحل مکمل ہونا باقی ہیں۔



