جی سیون سمٹ ،مشترکہ اعلامیہ جاری، آبنائے ہرمز پر انحصار کم کرنے پر اتفاق

فرانس (ویب ڈیسک) جی سیون ممالک نے آبنائے ہرمز پر انحصار کم کرنے اور توانائی کے متبادل ذرائع کو تیزی سے فروغ دینے پر اتفاق کر لیا۔
فرانس میں ہونے والے جی 7سمٹ کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق رکن ممالک نے امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے عالمی توانائی سپلائی کو مزید محفوظ اور متنوع بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ بین الاقوامی بحری گزرگاہوں میں بغیر کسی پابندی یا اضافی محصولات کے آزادانہ آمدورفت کو یقینی بنانا ناگزیر ہے تاکہ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل متاثر نہ ہو۔
جی سیون رہنماؤں نے واضح کیا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور مستقبل کے مذاکرات میں خطے کو درپیش سکیورٹی خطرات کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے۔
اعلامیے کے مطابق لبنان میں فوری اور مستقل جنگ بندی کی حمایت کی گئی جبکہ عالمی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لیے متبادل سپلائی ذرائع کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
رہنماؤں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یوکرین کی آزادی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت عالمی برادری کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
جی سیون ممالک نے مزید اتفاق کیا کہ روس کی جنگی معیشت پر دباؤ بڑھانے کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ خطے میں استحکام اور امن کے قیام کو تقویت مل سکے۔



