ایران میں فرانسیسی سفارتی عملے کی حراست، فرانس کا سخت ردعمل، سنگین نتائج کی وارننگ

پیرس(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران میں فرانسیسی سفارت خانے کے دو اہلکاروں کو حراست میں لیے جانے کے واقعے پر فرانس نے شدید ردعمل دیتے ہوئے تہران کو سنگین نتائج کی وارننگ جاری کر دی۔
فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے کہا کہ تہران میں فرانسیسی سفارت خانے کے دو اہلکاروں کو کئی گھنٹوں تک حراست میں رکھنا ایک انتہائی سنگین واقعہ ہے، جس کے نتائج ضرور برآمد ہوں گے۔
انہوں نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایرانی سکیورٹی اداروں نے فرانسیسی سفارت خانے کے دو اہلکاروں کو شدید ہراسانی کا نشانہ بنایا، جو سفارتی استثنیٰ کی واضح اور ناقابل قبول خلاف ورزی ہے۔
ژاں نوئل بارو نے بتایا کہ انہوں نے اپنے ایرانی ہم منصب کو واضح طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ فرانسیسی سفارتی عملے کی حرمت اور سلامتی کی اس سنگین خلاف ورزی کو بغیر کسی نتیجے کے نہیں چھوڑا جائے گا۔
فرانسیسی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ تمام ممالک پر لازم ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور سفارتی اصولوں کا احترام کریں اور سفارتی عملے کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنائیں۔



