اسحاق ڈار کا بحرینی ہم منصب سے رابطہ، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے بعد خطے کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بحرین کے وزیر خارجہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (MOU) پر دستخط ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امن کے لیے پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ خطے میں دیرپا امن، استحکام اور باہمی تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے جنگ بندی کے قیام اور پاکستان کی سفارتی کوششوں پر وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور متعلقہ قیادت کا شکریہ ادا کرنے کے لیے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کا عندیہ بھی دیا۔
اسحاق ڈار نے اس موقع پر پاکستان کے امن، مذاکرات اور مؤثر سفارت کاری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔



