پاکستان نے آزاد جموں و کشمیر سے متعلق چند برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے بیانات کو مسترد کردیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان نے آزاد جموں و کشمیر سے متعلق غیر ضروری بیانات مسترد کرتے ہوئے برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے ریمارکس پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے آزاد جموں و کشمیر کے حوالے سے برطانیہ میں مقیم بعض کشمیری نژاد افراد اور چند برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے بیانات کو غیر ذمہ دارانہ بے بنیاد قرار دے دیا۔پاکستان نے بیانات حقائق سے لاعلمی پر مبنی قرار دیتے ہوئے مسترد کیا اور کہا کہ برطانیہ میں مقیم بعض افراد کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کے بارے میں گمراہ کن اور غیر ذمہ دارانہ بیانات پر تشویش ہے۔دفتر خارجہ نے کہا کہ ان افراد کو پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے داخلی معاملات میں مداخلت سے گریز کرنا چاہیے اور اپنے ملک رہائش میں مثبت کردار ادا کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔ ترجمان نے کہا کہ بعض برطانوی ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات اور سوالات بھی غیر ضروری ہیں جو مسئلے کے تاریخی پس منظر سے ناواقفیت اور حقائق سے چشم پوشی کی عکاسی کرتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جو لوگ اب بھی نوآبادیاتی ذہنیت کے اسیر ہیں انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان ایک خودمختار اور جمہوری ریاست ہے، پاکستان دیگر ممالک کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت کے اصول پر کاربند ہے اور دوسروں سے بھی اسی طرز عمل کی توقع رکھتا ہے۔



