نالہ لئی کی صفائی اور فلیش فلڈنگ سے بچاؤ کیلئے خصوصی فورس بنانے کا فیصلہ

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت کمشنر آفس راولپنڈی میں نالہ لئی سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں صفائی، نگرانی اور فلیش فلڈنگ کے خطرات سے نمٹنے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں نالہ لئی کے لیے خصوصی فورس تشکیل دینے اور تقریباً 9 کلومیٹر پر مشتمل گنجان آباد علاقے میں مؤثر پٹرولنگ سسٹم قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
صوبائی وزیر بلال یاسین نے ہدایت کی کہ نالہ لئی کی صفائی کے بعد دوبارہ کچرا پھینکنے یا ڈمپنگ کی کسی صورت اجازت نہ دی جائے جبکہ غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔
انہوں نے واسا کو اپنے وسائل سے خصوصی فورس تشکیل دے کر جلد پٹرولنگ شروع کرنے کی ہدایت کی۔ بلال یاسین نے کہا کہ نالہ لئی کی صفائی، بحالی اور حفاظت کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں۔
کمشنر راولپنڈی سلمان غنی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نالہ لئی میں کچرا پھینکنے والوں کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نشاندہی کرکے فوری کارروائی کی جائے گی، جبکہ مختلف مقامات پر نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
اجلاس میں نالہ لئی کے لیے خصوصی مانیٹرنگ اور کنٹرول روم قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ فلیش فلڈنگ کی نگرانی اور بروقت الرٹ جاری کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔
حکام کے مطابق نالہ لئی میں پانی کے بہاؤ، گاد اور دیگر رکاوٹوں کا سائنسی بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا، جبکہ فلیش فلڈنگ کے خطرات کم کرنے کے لیے ماہرین کی مشاورت سے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ اجلاس میں مستقل صفائی و نگرانی کے نظام میں مقامی افراد، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کو بھی شامل کرنے پر زور دیا گیا۔



